Wo Shakhs Kitna Sudhar Gaya Hai Full Urdu Poem By Shafique Khokhar-- www.akhrish.com
وہ شخص کتنا سدھر گیا ہے
کہ دل سے میرے اتر گیا ہے
تھا اک تعلق عذاب سا جو
وہ ٹوٹ کر اب سنور گیا ہے
جو ساتھ رہ کر بجھا بجھا تھا
بچھڑ کے کتنا نکھر گیا ہے
سکوں ہے اب جو نہ یہ خبر ہے
اِدھر گیا یا اُدھر گیا ہے
جو کوچہ کوچہ بھٹک رہا تھا
وہ آج اپنے ہی گھر گیا ہے
سرہانے رکھ کے تھا میں تو سویا
یہ ڈر نہ جانے کدھر گیا ہے
وہ وہم جس پہ میں مر مٹا تھا
میں جی اٹھا تو وہ مر گیا ہے
نہ ڈھونڈ اُس کو تو اِس کنارے
جو پار کب کا اتر گیا ہے
میں راہ سے وقت پہ ہٹا ہوں
سو وقت گزرا، گزر گیا ہے
ہے خوش نصیبی کمال ابرک
کہ رائیگاں یہ سفر گیا ہے
Post A Comment: